لاہور (2 ستمبر 2025): بھارت نے دریائے ستلج میں بھی بڑے پیمانے پر پانی چھوڑ دیا جو آئندہ 48 گھنٹے میں پاکستان میں داخل ہوگا۔
ذرائع آبپاشی نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ بھارت نے ستلج میں ڈھائی سے 3 لاکھ کیوسک کے قریب پانی چھوڑا ہے، چھوڑا گیا سیلابی ریلا آئندہ 48 گھنٹے میں پاکستان پہنچے گا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ بھارت میں پونگ اور باکھڑا ڈیموں سے پانی خارج کیا گیا ہے، گنڈا سنگھ والا پر ستلج میں ایک ماہ سے انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب
گزشتہ روز بھارت نے پاکستان کو دریائے ستلج میں دو مقامات پر سیلاب سے متعلق آگاہ کیا تھا جس کے بعد پی ڈی ایم اے نے اضلاع کو الرٹ جاری کیا تھا۔
بھارتی ہائی کمیشن نے دریائے ستلج میں دو مقامات پر سیلابی صورتحال سے متعلق پاکستان کو آگاہ کیا، ہریک اور فیروزپور سے نیچے ہائی فلڈ کی اطلاع موصول ہونے پر وزارت آبی وسائل نے فوری طور پر چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو آگاہ کیا۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا کہ دریائے ستلج ہریکے کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کے باعث ڈاؤن اسٹریم پر اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دریائے ستلج اور اس سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔