معرکہ حق : آئی ایس پی آر کا یوم دفاع و شہدا کا نیا پرومو جاری

آئی ایس پی آر کا یوم دفاع و شہدا کا نیا پرومو جاری

راولپنڈی: آئی ایس پی آر نے یوم دفاع وشہدا کا نیا پرومو جاری کردیا، جس میں افواج پاکستان کی جرات و شجاعت کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یوم دفاع و شہدا کے موقع پر نیا پرومو جاری کر دیا۔

"معرکہ حق” کے عنوان سے جاری اس پرومو میں مسلح افواج پاکستان کی جرات، شجاعت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بری، فضائی اور بحری افواج کی لازوال قربانیاں قوم کے حوصلے اور ایمان کی روشن علامت ہیں۔ پرومو میں شہدا کے خون کو وطن کی سرحدوں کی حفاظت کی اصل ضمانت قرار دیا گیا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ پرومو وطن کے دفاع کی انمول داستان اجاگر کرتا ہے اور یہ اس بات کا عہد ہے کہ یوم دفاع کے موقع پر دشمن کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ کی طرح ناکام بنایا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج ہر دور میں دشمن کے لیے سیسہ پلائی دیوار بنی رہیں، جبکہ افواج کی بہادری اور قربانیوں نے تاریخ میں روشن باب رقم کیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ دفاع وطن ہی بقائے وطن کی ضمانت ہے اور پوری قوم اپنے شہدا اور افواج پاکستان کو سلام پیش کرتی ہے۔