چینی صدر شی جن پنگ کا پاکستان کی مدد جاری رکھنے کا اعلان

چینی صدر شی جن پنگ کا پاکستان کی مدد جاری رکھنے کا اعلان

بیجنگ : چین کے صدر شی جن پنگ نے اقتصادی ترقی کے تمام شعبوں میں پاکستان کی مدد جاری رکھنے کا اعلان کردیا اور کہا پاکستان کےاہم ترین اقتصادی شعبوں پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ چین پاکستان کی معاشی ترقی کے تمام شعبوں میں مدد جاری رکھے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران چینی صدر نے کہا کہ سی پیک منصوبہ دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے اور اب توجہ پاکستان کے اہم اقتصادی شعبوں پر مرکوز کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی پاکستان کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات منفرد اور بے مثال ہیں اور ان تعلقات کی عکاسی باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے سے ہونی چاہیے۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے رہنماؤں نے اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید پڑھیں : وزیر اعظم کی چینی صدر شی جن پنگ کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف

وزیراعظم شہباز شریف نے سی پیک کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ پانچ نئے کوریڈورز پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے صدر شی جن پنگ کی وژنری قیادت کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان چین کی ترقی پر فخر کرتا ہے اور ہر سطح پر بیجنگ کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

وزیراعظم نے صدر شی کو اگلے سال پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، جب دونوں ممالک اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منائیں گے۔