کم جونگ اُن بذریعہ ٹرین چین روانہ ہوگئے

کم جونگ اُن بذریعہ ٹرین چین روانہ ہوگئے

شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن ٹرین کے ذریعے چین کے دورے پر روانہ ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن چین میں اس وکٹری پریڈ میں شریک ہوں گے جو دوسری جنگِ عظیم کے خاتمے پر جاپان کے سرنڈر کی یاد میں، 80 سال مکمل ہونے پر خصوصی طور پر منعقد کی جا رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کے علاوہ 25 دوسرے سربراہان مملکت بھی اس پریڈ میں شرکت کے لئے پہنچ رہے ہیں۔

ایسا پہلی بار ہوگا کہ چینی صدر شی جن پینگ، شمالی کورین سربراہ کم جونگ ان اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کسی ایک مقام پر ایک ساتھ موجود ہونگے۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ ستمبر 2023ء کے دورہ روس کے لیے بھی خصوصی ٹرین کا استعمال کرچکے ہیں، یہ ٹرین بکتربند خصوصیات کی حامل ہے۔

دوسری جانب شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے ایٹمی ہتھیاروں کے پروگرام کو تیز تر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کا ایٹمی ہتھیاروں کے حوالے سے اہم اعلان

کم جونگ نے کہا ہے کہ اُن کے ملک کو ایٹمی طاقت میں تیزی سے اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں کو ”جنگ بھڑکانے کے ارادے کا واضح اظہار“ قرار دیا۔ جنوبی کوریا اور اس کا اتحادی امریکا رواں ہفتے مشترکہ فوجی مشقیں کر رہے ہیں، ان مشقوں میں شمالی کوریا کی جوہری دھمکیوں کے پیش نظر ایک بہتر دفاعی ردعمل کی مشقیں بھی شامل ہیں۔