وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
پاکستان کے شمالی علاقوں میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ 48 گھنٹوں میں دوسری بار اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے آئے ہیں۔
مانسہرہ، ابیٹ آباد، سوات، مینگورہ شہر اور گرد و نوح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 4 اور گہرائی 22 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
یکم ستمبر کی رات کو پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6.0 اور گہرائی 15 کلومیٹر تھی، جس کا مرکز پاک افغان سرحد کے قریب کوہ ہندو کش ریجن تھا، زلزلہ تقریباً 10سیکنڈ تک جاری رہا، شہری گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ رات 12 بج کر 17منٹ پر آیا اور لوگ گھبراہٹ کے عالم میں کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے کھلے مقامات پر آگئے۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، چکوال سوات، پشاور، ملاکنڈ، مانسہرہ، ہنگو و گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، اس کے علاوہ سوات، مردان، نوشہرہ، بنوں، بونیر، کوہاٹ، چارسدہ میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔
اس کے علاوہ 27 اگست کو خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں آنے والے زلزلے کے جھٹکوں سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
سوات اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیےگئے تھے جس سے لوگ خوفزدہ ہو گئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرنے لگے۔
سیلاب سے متاثرہ علاقوں بونیر، صوابی، چترال اور گرد و نواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔