وزیراعظم شہباز شریف کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات ہوئی ہے اس دوران دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور روسی صدر پیوٹن نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا، روسی صدر نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔
روسی صدر نے کہا کہ پاکستان کو قدرتی آفات کا سامنا ہے، پاکستان میں سیلاب سے نقصانات پر افسوس ہے۔
پیوٹن نے شہباز شریف کو ماسکو میں ہوننے والی ایس سی او سمٹ میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
یہ پڑھیں: چینی صدر شی جن پنگ کا پاکستان کی مدد جاری رکھنے کا اعلان
انہوں نے کہا کہ روس نومبر میں ایس سی او سمٹ کا انعقاد کررہا ہے، امید کرتا ہوں شہباز شریف سمٹ میں شرکت کے لیے ماسکو آئیں گے۔
روسی صدر نے کہا کہ دونوں ملک کی تجارت میں معمولی کمی آئی ہے جسے بہتر کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان سیکیورٹی کونسل کا غیر مستقل رکن ہے یو این میں بھی رابطہ رہتا ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ روس کے ساتھ دو طرفہ تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہورہے ہیں، ایس سی او سمٹ کی دعوت دینے پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ روس سے تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے خواہشمند ہیں، پاکستان خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کا فروغ چاہتا ہے۔