’حماس نے نئی جنگ بندی تجویز قبول کی مگر اسرائیل نے جواب نہیں دیا‘

اسرائیل غزہ میں نسل کشی کر رہا ہے، امریکی ووٹرز کی رائے

قطر نے کہا ہے کہ نئی جنگ بندی تجویز کو حماس نے قبول کیا مگر اسرائیل نے کوئی جواب نہیں دیا۔

قطری وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسرائیل نے تازہ جنگ بندی تجویز پر کوئی جواب نہیں دیا حالانکہ نئی جنگ بندی تجویز کو حماس نے قبول کر لیا تھا۔

وزارت خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کو مذاکرات میں شامل ہونا چاہیے تاکہ جنگ ختم ہو، اسرائیل کی جانب سےابتک کوئی پیشرفت یا جواب نہیں ملا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور ثالثوں سے رابطے جاری ہیں مگر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، اسرائیل کا غزہ پر قبضے کا منصوبہ سب کےلیےخطرہ ہے عالمی برادری کو اسرائیل کو روکنے کےلیے متحد ہونا ہو گا۔

غزہ میں جنگ بندی کی نئی تجویز کی شرطیں سامنے آ گئی ہیں، یہ تجویز حماس نے بھی قبول کی ہے۔

قطری وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ 200 فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے بدلے حماس 10 یرغمالی اور 18 لاشیں اسرئیل کے حوالے کرے گا۔

شرائط کے مطابق اسرائیلی افواج کی جزوی واپسی ہوگی، اور غزہ میں انسانی امداد میں اضافہ کیا جائے گا، موجودہ جنگ بندی بھی عارضی ہوگی۔

قطر نے تصدیق کی ہے کہ حماس نے غزہ کی جنگ بندی کی تجویز کا مثبت جواب دیا ہے، جس میں 60 دن کی جنگ بندی بھی شامل ہے، تاہم اسرائیل نے تاحال کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ نیتن یاہو جنگ بندی معاہدے کے تحت باقی تمام 50 اسیران کی رہائی پر اصرار کر رہے ہیں۔