فخر زمان نے افغانستان کے خلاف میچ میں سنگ میل عبور کرلیا

فخر زمان

پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹر فخر زمان نے افغانستان کے خلاف میچ میں سنگ میل عبور کرلیا۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں افغانستان کے خلاف سہ فریقی سیریز کے چوتھے میچ کے دوران فخر زمان نے اپنا 100 واں ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیل کر سنگ میل عبور کیا۔

انہوں نے 2017 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 ڈیبیو کیا تھا، بابر اعظم، محمد حفیظ ، شعیب ملک کی فہرست میں شامل ہوکر 100 ٹی 20 کھیلنے والے چھٹے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

بابر اعظم پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ٹی 20 کھیلنے والے کھلاڑی ہیں اور انہوں نے 128 میچز کھیلے ہیں۔

شعیب ملک 125 اور محمد حفیظ پاکستان کی جانب سے 119 میچز کھیل چکے ہیں، فہرست میں شاداب خان 112 میچ اور محمد رضوان 106 میچ کھیل کر بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔

فخر زمان کو 100واں ٹی 20 کھیلنے سے قبل ساتھی کھلاڑیوں نے مبارکباد بھی پیش کی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں فاسٹ باؤلر حارث رؤف ٹاپ آرڈر بلے باز کو گلے لگاتے ہوئے نظر آئے جب کہ آل راؤنڈر خوشدل شاہ نے انہیں داد دی۔

یہ پڑھیں: افغانستان کا پاکستان کو جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف

پی سی بی نے ویڈیو کے کیپشن میں کہا کہ پاکستانی بلے باز فخر زمان کو پاکستان بمقابلہ افغانستان میچ سے قبل ان کے ساتھیوں نے 100 ٹی 20 مقابلوں کا سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد دی۔

فخر زمان نے 99 ٹی 20 میں 11 نصف سنچریوں کی مدد سے 22.44 کی اوسط سے 1975 رنز بنائے ہیں۔

مڈل آرڈر بیٹر افغانستان کے خلاف میچ میں 18 گیندوں پر 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ گرین شرٹس 170 رنز کا تعاقب کررہے ہیں۔