روس نے ایران کو ایس 300 میزائل فراہم کرنے کا اعلان کردیا

ماسکو: روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے مغرب سے نیوکلئیر ڈیل کے نتیجے میں ایران پرعائد پابندی اٹھانے کا اعلان کردیا جس کے بعد ایران ایس 300 میزائل ڈیفنس سسٹم حاصل کرسکے گا۔

صدارتی محل ’’کریملن‘‘ سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی صدر نے روس سے ایران کو ایس 300 میزائلوں کی ترسیل کے حکم نامے پر دستخط کردئیے ہیں۔

واضح رہے کہ ماسکو نے اقوام متحدہ کی جانب سے 2010 میں ایران پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد میزائلوں کی ترسیل روک دی تھی جس کے خلاف ایران نے جنیوا کی ثالثی عدالت میں روس پر چار بلین ڈالر ہرجانے کا دعوی بھی دائر کیا تھا۔

ماسکو کی جانب سے یہ فیصلہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان رواں ماہ ہونے والی ڈیل کا نتیجہ ہے جس کے تحت عالمی طاقتوں کو اطمینان حاصل ہوا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار نہیں بنا رہا۔

سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی یہ ڈیل 12 سال تک ایران اور مغرب میں جاری کشمکش کا خاتمہ ہے جو کہ ایران کو نیوکلئیر بم بنانے سے روکنے کے لئے تھی۔