بند ہونے والی سموں کا آڈٹ کیا جارہا ہے، چیئرمین پی ٹی اے

اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر اسماعیل شاہ نے کہا ہے کہ بائیو میٹرک تصدیق نہ ہوپانے والی سموں کو بارہ اپریل سے بند کر دیا گیا ہے،بند ہونے والی سموں کا آڈٹ جاری ہے، اعدادو شمار سے جلد قوم کو آگاہ کیا جائے گا۔

نوکیا کے زیر اہتمام منعقدہ روڈ شو میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے کاکہناتھا کہ آڈٹ کے دوران اس بات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے کہ کہیں غیر تصدیق شدہ سمیں بند ہونے سے رہ تو نہیں گئیں ۔

انھوں نے بتایاکہ پی ٹی اے کے پاس 850 میگاہرٹز اور 1800 میگاہرٹز میں دو سپیکٹرم موجود جن کو آکش کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

وزیر مملکت برائے آئی ٹی انوشہ رحمان نے بھی میڈیا سے بات چیت کی ان کاکہناتھاکہ سائبر کرائم بل کو نیشنل ایکشن پلان کی روشنی میں تیا ر کیا گیا ہے اور اس میں کوئی بھی ایسی چیز نہیں جو آئین کے منافی ہو ۔

انھوں نے بتایاکہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی جمعرات کو سائبر کرائم بل پر اپنی سفارشات دے گی ،انھوں نے مزید کہاکہ ٹیلی کام پالیسی بھی آٹھ سال بعد موجودہ حکومت نے تیار کر لی ہے جسے دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا گیا ہے۔