لاہور: زمبابوےنے آئندہ ماہ ایک روزہ میچز کی سیریز کے لئے پاکستان کا دورہ کرنے پر رضا مندی ظاہرکردی ہے۔
سال 2009 میں سری لنکن ٹیم پرحملے کے بعد زمبابوے پہلی ٹیسٹ میچ کھیلنے والی ٹیم ہے جو کہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔ سری لنکن ٹیم پر حملہ 3 مارچ 2009 کو اس وقت ہوا جب وہ قذافی اسٹیڈیم کی جانب جارہے تھے۔
جب سے بین الاقومی ٹیموں نے پاکستان آنے سے انکار کیا ہے پاکستان کو اپنے تمام تر میچز متحدہ عرب امارات منقتل کرنے پڑے ہیں۔
تاہم گزشتہ سال شروع ہونے والے آپریشن ضربِ عضب کے نتیجے میں ملک کی بہتر ہوتی صورتحال نے ایک بار پھر بین الاقوامی ٹیموں کا اعتماد بحال کیا ہے اور وہ پاکستان کا رخ کرنے پر رضامند نظر آتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق زمبابوے کی ٹیم مئی کے آخر میں پانچ ایک روزہ میچز کھیلے گی اور جواب میں پاکستانی ٹیم بھی زمبابوے کا دورہ کرے گی۔
سیکیورٹی کا جائزہ لینے کے لئے آئے ہوئے وفد نے زمبابوے کی ٹیم کو کراچی کے لئے کلئرینس نہیں دی ہے لہذا تمام کے تمام میچز قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں کھیلے جائیں گے۔