پاکستان نے ہر مشکل وقت میں چین کا ساتھ دیا، چینی صدر

اسلام آباد: چینی صدر شی جنگ پن نے پاکستانی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسے اپنے لئے اعزاز قراردیا ان کا کہنا تھا کہ کبھی نہیں بھول سکتے کہ پاکستان نے سب سے پہلے چین کو تسلیم کیا تھا۔

چینی صدر دو روزہ دورے پر پاکستان تشریف لائے ہوئے ہیں ان کی آمد پر دونوں ممالک کے درمیان 51 ارب ڈالر کے معاہدے تکمیل پائے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا اچھا دوست، ہمسایہ اور بھائی ہے دونوں ممالک کی دوستی خطے کے لئے امن کا پیغام ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں لازوال ہیں۔

چینی صدر نے مفکرِ پاکستان کی برسی کے موقع کی مناسبت سے کہا کہ علامہ اقبال نے قومی شعور بیدار کرنے کا لازوال کردار ادا کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں تبدیل ہورہے ہیں دونوں ممالک مستقبل میں درپیش چیلنجز کا مل کر مقابلہ کریں گے۔

چینی صدر نے کہا کہ پاکستان نے چین کے 8 جبکہ چین نے پاکستان کے 176 شہریوں کو یمن سے نکالا جو کہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کے کام آنے کی عمدہ مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں اور چائینہ پاکستان اکانامک کوریڈر اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوںنے یہ بھی کہاکہ دونوں ممالک کے شہریوں کے باہمی تعلقات کا فروغ دونوں ممالک کی ترجیحات میں شامل ہے اور اسی مقصد کے لئے ایک ہزارچینی زبان کے اساتذہ پاکستان میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ پاک چین تعلقات سفارتی سطح سے کہیں زیادہ ہیں اور پاکستان کی مدد کرنا درحقیقت اپنی ہی مدد کرنا ہے اسی لئے توانائی، مواصلات اور بنیادی ڈھانچے کی درستگی کے لئے تعاون کررہے ہیں۔

شی جنگ پن نے یہ بھی کہا کہ دونوں ممالک کو سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے فاٹا میں ترقیاتی کاموں میں ہر ممکن مدد دیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہاکہ ہم کبھی نہیں بھول سکتے کہ چین کی آزادی کو تسلیم کرنے والا سب سے پہلا ملک پاکستان ہے چین میں قدرتی آفات پر پاکستان نے ہمیشہ ساتھ دیا۔