سندھ حکومت کراچی کے مسائل اچھی طرح سمجھتی ہے، شرجیل میمن

کراچی : صوبائی وزیر بلدیات شرجیل میمن کا کہنا ہے شہریوں کو پانی کی کمی کے درپیش کے حل کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔ پانی کی منصفانہ تقسیم کے لئے کمیٹی قائم کردی ہے۔

تفصییلات کے مطابق سندھ کےوزیر بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ الزام تراشیوں کی سیاست کی بجائے تعمیری باتوں پر توجہ دے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، ایک سوال کے جواب میں شرجیل میمن نے کہا کہ فاروق ستار خود یہ بات تسلیم کر چکے ہیں کہ شہر کراچی میں پانی کی فراہمی طلب سے آدھی ہے۔

سندھ کے وزیر بلدیات کا کہنا ہے کہ حکومت کراچی کے شہریوں کو پانی پہنچانے کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لارہی ہے۔ پانی کی عدم فراہمی اور دیگر شکایات دور کرنے کے لئے واٹر بورڈ میں مرکز شکایات قائم کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کراچی کے مسائل اچھی طرح سمجھتی ہے۔کمشنر کراچی کی سربراہی میں پانی کی منصفانہ تقسیم کے لئے کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ کے فور منصوبے اور دھابیجی سے شہر کو پانی کی فراہمی میں پینسٹھ ایم جی ڈی اضافے کے منصوبوں پرکام کا آغاز کردیا گیا ہے۔