لاہور: زمبابوے کرکٹ ٹیم پاکستان کا کامیاب دورہ کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئی۔
زمبابوے کرکٹ ٹیم وطن واپس روانہ ہوگئی، ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز پاکستان نے جیتی اور شائقین کا دل زمبابوے نے جیت لیا، مہمان ٹیم پاکستان میں کرکٹ کے بند دروازے کھول کر وطن واپس لوٹ گئی۔
زمبابوے نے دنیا کو پیغام دے دیا کہ سیکورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں، دیگر ٹیمیں بھی یہاں آکر کھیل سکتی ہیں۔
لاہور میں تیسرا اور آخری ایک روزہ میچ کھیلنے کے بعد زمبابوے کی ٹیم کو سخت سیکورٹی میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ پہنچایا گیا، پی سی بی کے اعلٰٰی آفیشلز، پنجاب حکومت کے عہدیدران اور دیگر حکام نے زمبابوے کی ٹیم کو خوشگوار یادوں کے ساتھ رخصت کیا۔
زمبابوے کرکٹ ٹیم دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لئے انیس مئی کو پاکستان پہنچی تھی، دوہزار نو میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد زمبابوے پاکستان کا دورہ کرنے والی واحد ٹیم ہے۔