ایم کیو ایم کے رہنماء عامر خان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا

کراچی:  ایم کیو ایم کے رہنما عامرخان سمیت چھ افراد کے خلاف عزیز آباد تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

زرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے گرفتار رہنماء عامرخان کے خلاف جرائم پیشہ افراد کو تحفظ فراہم کرنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا، عامر خان کے خلاف مقدمہ رینجرز کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

مقدمہ 176/15 کے نمبر سے درج کیا گیا ہے، مقدمے میں انسداد دہشتگردی اور جرائم پیشہ افراد کو تحفظ دینے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

مقدمے میں عامر خان سمیت چھ افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جن میں رئیس مما،عیبد کےٹو، نعمان نومی، قاضی اسد منہاج، شہزاد مُلا اور عمران اعجاز نیازی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 11 مارچ کو ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر رینجرز نے چھاپہ مارا، چھاپے کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کیا جبکہ ایم کیو ایم کے رہنماء عامر خان کو بھی زیرِ حراست لے لیا تھا۔

آپریشن کے دوران ٹارگٹ کلر اور جرائم پیشہ افراد سمیت 20 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، نائن زیرو سے فیصل موٹا، عبید، نادرشاہ اور فرحان شبیر کو گرفتار کیا گیا ، فیصل موٹا نجی ٹی وی کے صحافی ولی خان بابر کے قتل کیس کا مرکزی ملزم ہے اور اسے عدالت نے سزائے موت سنائی ہے۔