جہانگیر ترین پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل مقرر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کرتے ہوئے مرکزی آرگنائزرجہانگیر ترین کو سیکرٹری جنرل کے مکمل اختیارات سونپ دیئے ہیں،فیصلہ پارٹی آئین کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس وجیہ الدین کی سربراہی میں قائم ٹربیونل کے فیصلوں پرعمل درآمد کے نتیجے میں عمران خان نے پارٹی کے تمام عہدیداروں کے عہدے تحلیل کردیئے تھے۔

پارٹی کے عہدے تحلیل کرنے کے سبب تنظیمی امورچلانے کے معاملات میں دشواری پیش آ رہی تھی جس کے پیشِ نظرعمران خان نے ہنگامی طورپرپارٹی کے جہانگیرترین کو سیکرٹری جنرل کے مکمل اختیارات سونپ دینے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔

جہانگیرترین بطورسینٹرل آرگنائزر پارٹی آئین کے مطابق سیکرٹری جنرل کے تمام اختیارات کا استعمال کرسکیں گے۔