کراچی :سوئی سدرن گیس کا سی این جی شیڈول بار بار تبدیل ہونے عوام تنگ آگئے، منگل کو اچانک بند اوراب بدھ کو بھی سی این جی نہیں ملے گی۔
سوئی سدرن گیس کمپنی نےعوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا، سندھ میں مسلسل 72 گھنٹے سی این جی کی بندش سے شہری زندگی متاثرہورہی ہے، سوئی سدرن کی جانب سےتین دن پورے سندھ میں سی این جی بند رکھنے کی کوئی ٹھوس وجہ بیان نہیں کی گئی۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز اور صنعتی علاقوں میں گیس لوڈشیڈنگ کے شیڈول میں تبدیلی کردی گئی، سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز رواں ہفتے پانچ دن بند رہیں گے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان کے مطابق مختلف گیس فیلڈ سے آنے والے گیس پریشر میں کمی کے باعث سی این جی اسٹیشنز اور صنعتی علاقوں کی لوڈشیڈنگ میں تبدیلی کی گئی ہے، رواں ہفتے پیر، منگل اور بدھ سی این جی اسٹیشنز بند رہیں گے اور صنعتی علاقوں میں بھی گیس کی لوڈشیڈنگ کی جائے گی ۔
سی این جی ایسوسی ایشن کے چیئرمین شبیر سلیمان کے مطابق سوئی سدرن گیس کا یہ فیصلہ انڈسٹری کے ساتھ زیادتی ہے، مسلسل بہتر گھنٹے سی این جی اسٹیشنز بند رہنے سے پبلک ٹرانسپورٹ اور ایمبولینس سروس بند ہونے کا خدشہ ہے، وفاقی حکومت سوئی سدرن گیس کے اس اقدام کا فوری نوٹس لے۔
ادھر سی این جی ایسوسی ایشن نے سوئی گیس کمپنی کا حکم ماننے سے انکار کرتے ہوئے ایس ایس جی سی کے ہیڈ آفس کے باہر دھرنے دینے کا اعلان کردیا ہے جبکہ صوبائی وزیر خزانہ سندھ مراد علی شاہ نے وفاق سے احتجاج کرتے ہوئے سی این جی کی مسلسل بندش کا سلسلہ بند کیا جائے۔
سینئرصوبائی وزیرمراد علی شاہ نے سیکریٹری پیٹرولیم سے رابطہ کرکے سندھ سےزیادتی بند کرنے کا مطالبہ کیا۔