اسلام آباد: وزیرِاعظم نوازشریف کے دورۂ تاجکستان کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پاک افغان تاجک ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ جلد مکمل کیا جائے گا۔
تاجکستان کے دو روزہ دورے کے دوران وزیرِاعظم نواز شریف اور تاجک صدر امام علی رحمان کی ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ اعلامیے میں دورے کے موقع پر کئے گئے معاہدوں پر پیش رفت کو اطمینان بخش قرار دیا گیا جبکہ سہ فریقی معاہدے کو جلد مکمل کرنے پر زور دیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق پاکستان، افغانستان، تاجکستان ٹرانزٹ ٹریڈکے سہ فریقی معاہدے سے علاقے میں تجارت کو فروغ حاصل ہوگا۔
مشترکہ اعلامیہ میں اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کے دائرہ کار میں دونوں ملکوں کے تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سلامتی کونسل میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں زور دیا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کےعوام میں روابط اورسیاحت کا فروغ ضروری ہے، ساتھ ہی توانائی، بنیادی ڈھانچے پرمشترکہ کمیشن کی بھی ضرورت ہے جبکہ انسدادِ دہشتگردی کیلئے مشترکہ تعاون کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں پاکستان کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت پر تاجکستان کی حمایت کا شکریہ ادا کیا گیا۔