کراچی: لیاری میں مقابلے گینگ وار کے 5ملزمان ہلاک

کراچی : لیاری کے مختلف علاقوں میں مبینہ مقابلوں کے دوران لیاری گینگ  وار کے پانچ ملزمان مارے گئے، کھارادر میں کارروائی کے دوران پولیس نے دوبھتہ خوروں کو گرفتار کرلیا۔

کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں میں تیزی آگئی، رینجرز ترجمان کے مطابق لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر رینجزر نے کارروائی کی تو ملزمان نے رینجرز پر فائرنگ شروع کردی۔

جوابی فائرنگ میں عزیربلوچ گروپ سے تعلق رکھنے والے تین ملزمان ہلاک ہوگئے، جن کی شناخت ماجد، عبدالصمد اور امام بخش کے ناموں سے ہوئی ہے، ملزمان اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری، ڈکیتی اور ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔

اس سے قبل لیاری ہی میں رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران گینگ وار کے بابا لاڈلا گروپ سے تعلق رکھنے والے دو ملزمان مارے گئے، جن کی شناخت انیس اور جنید کےنام سےہوئی ہے۔

رینجرز ذرائع کے مطابق انیس نامی ملزم اُنیس افراد جبکہ ملزم جنید پانچ افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا، دوسری جانب کھارادر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو بھتہ خوروں کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ ملزمان کے قبضہ سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔