فیصل آباد: میٹرک کے طالب علم کو جعلی مقابلے میں قتل کرنے والے ایس ایچ او پیپلزکالونی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ تین رکنی اعلیٰ سطح کا انکوائری بورڈ تشکیل دیا گیا ہے۔
آفیسر کالونی کے رہائشی میٹرک کے طالب علم پندرہ سالہ فرحان کو ایس ایچ او تھانہ پیپلزکالونی فریاد حسین نے گزشتہ روز مدینہ ٹاؤن کے پارک میں کھلونا پستول کے ساتھ دوستوں کی تصاویر بناتے ہوئے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا جبکہ اس کا دوست فہد زخمی ہوا تھا ۔
زخمی فہد کے چچا محمد علی کی مدعیت میں ایس ایچ او فریاد حسین کے خلاف اپنے ہی تھانے میں قتل کا مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا ہے، سوگوار خاندان نے وزیراعلیٰ پنجاب سے قاتل ایس ایچ او کو نشان عبرت بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
سی پی او فیصل آباد افضال احمد نے جعلی مقابلے کی انکوائری کے لئے ایس ایس پی انویسٹی گیشنز کی سربراہی میں ایس پی مدینہ ڈویژن اور ایس پی لائل پور ڈویژن پر مشتمل تین رکنی انکوائری بورڈ تشکیل دیا ہے جو چوبیس گھنٹۓ میں رپورٹ پیش کرے گا۔