کراچی: شدید ترین گرمی سے سینکڑوں ہلاکتیں، عالمی میڈیا کی نمایاں کوریج

عالمی میڈیا نے بھی کراچی میں شدید ترین گرمی اور بدترین لوڈشیڈنگ سے سینکڑوں ہلاکتوں کو نمایاں کوریج دی ہے۔

الجزیرہ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کے جنوبی ساحلی شہر میں درجہ حرارت پینتالیس ڈگری کو چھوچکا ہے، شدید گرمی اور حبس کی وجہ سے سیکڑوں افراد جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بجلی کے بحران نے لوگوں کی مشکل اور بڑھا دی ہے، بجلی نہ ہونے کے باعث پانی کی فراہمی بھی بند ہے۔

بی بی سی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ منگل کو شہر کے درجۂ حرارت میں کچھ کمی دیکھی گئی تاہم اسپتالوں میں متاثرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، سنیچر سے منگل تک ایدھی سرد خانے میں پانچ سو سے زیادہ لاشیں لائی گئیں۔

وائس آف امریکہ نے کہا ہے کہ سندھ کے بعض اضلاع میں درجہ حرارت 49 جب کہ مرکزی شہر کراچی میں 45 ڈگری سینیٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے، جس سے سیکڑوں لوگ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، اس دوران کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی کی طویل دورانیے کی بندش پر حکومت کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔