لاہور :حساس اداروں کی کارروائی کے دوران خودکش بمبار سمیت چار دہشت گرد ہلاک اور دو گرفتار کرلئے گئے، دہشت گردوں کے قبضے سے اہم عمارتوں کے نقشے اور جدید اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔
لاہور میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا، پولیس اور حساس اداروں کی بروقت کارروائی نے لاہور کو بڑی تباہی سے بچالیا، فیروز والا میں کالاشاہ کاکو کے قریب دہشت گردوں کی اطلاع پر پولیس اورحساس اداروں نے سرچ آپریشن کیا تو وہاں پہلے سے موجود خودکش بمبار نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑادیا جبکہ دیگر دہشت گردوں نے فرارہوتے ہوئے پولیس پر فائرنگ شروع کردی۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں تین دہشت گرد ہلاک جبکہ دو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں کا ہدف آئی جی پنجاب کے آفس سمیت لاہور کی اہم سرکاری عمارتیں تھیں۔
پولیس نے دہشتگردوں کے قبضے سے بارودی مواد حساس اداروں کی عمارتوں کے نقشے اور جدید اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔