عمران فاروق کیس، اسکاٹ لینڈ یارڈ ٹیم آج ملزمان سےتفتیش کرے گی

اسلام آباد: ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس کی تفتیش میں تیزی سے پیشرفت ہورہی ہے، اسلام آباد میں موجود اسکاٹ لینڈ یارڈ کی چھ رکنی ٹیم آج اس کیس میں گرفتار ملزمان سے باقاعدہ تفتیش کرے گی، اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم  محسن، خالد اور معظم سے پوچھ گچھ کرے گی۔

لندن میں عمران فاروق کا قتل اسکاٹ لینڈ یارڈ کے لیے چیلنج تھا، پاکستانی حکام نے بعض ملزموں کو گرفتار کیا تو برطانوی پولیس اور بھی متحرک ہوگئی  پاکستان نے گرفتار ملزموں تک رسائی پر رضامندی ظاہر کی، جس کے بعد پوچھ گچھ کے لیےاسکاٹ لینڈیارڈ کی چھ رکنی ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی۔

زرائع کے مطابق اسکارٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم کوعمران فاروق قتل میں گرفتار ملزم معظم علی سے پوچھ گچھ کی رسائی دی جائے گی ۔ جبکہ اس دوران برطانوی ٹیم معظم علی کا آڈیو ویڈیو بیان ریکارڈ کریں گے اس موقع پر پاکستانی ٹیم بھی ان کے ہمراہ ہوگی۔

ٹیم میں سراغ رساں اسٹیورٹ جیمز، ڈیوڈ والٹر، گیری مارٹن ، کلیر مارگریٹ ، ٹیلرکیتھ اورسمانتھا لوئس شامل ہیں، اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم نے اسلام آباد میں وزارتِ داخلہ کے حکام سے ملاقاتیں کیں، ٹیم عمران فاروق قتل کیس کے ملزمان سے بھی تفتیش کرے گی۔

برطانوی ٹیم چار سے سات روز میں کام ختم کر کے واپس روانہ ہو جائے گی۔

دوسری جانب خصوصی گفتگو میں وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے تصدیق کردی ہے کہ برطانوی پولیس محسن،خالد اورمعظم سے تفتیش کرے گی، بھارت سے ایم کیوایم کو مبینہ فنڈنگ کے معاملے پر برطانیہ سے معلومات تک رسائی مانگ لی ہیں۔ پرویز رشید نے کہا پاکستان میں قتل و غارتگری کے نشانات برطانوی شہری سے ملتے ہیں تو برطانیہ تعاون کرے۔

وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا ہے کہ بھارت سے فنڈنگ کے معاملے پر طارق میراور محمدانورکے بیانات ایم کیوایم کے چہرے پر سیاہ دھبہ ہیں۔ داغ دور کرنا ایم کیوایم کی ذمے داری ہے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ کے پاس ایم کیو ایم کے خلاف شواہد موجود ہیں۔