کوہلو: دو مسلح گروپوں میں تصادم،20 افراد ہلاک

کوہلو: دو گروپوں میں مسلح تصادم کے باعث پندرہ سے بیس افراد کی ہلاکت کی اطلاع موصول ہوئی ہے، وزیرِداخلہ بلوچستان کا کہنا ہے کہ را سے تعلق رکھنے والےگروہ لڑ رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کوہلو میں مسلح گروپوں کے درمیان تصادم ہوا، جس میں شدید فائرنگ سے پندرہ سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ، پیر کی شام سے شروع ہونے والی لڑائی میں دونوں اطراف سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ جس میں مارٹر گولے بھی شامل ہیں، تصادم کے باعث علاقے میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے ۔

وزیرِداخلہ بلوچستان سرفرازبگٹی نے اے آروائی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ را سے تعلق رکھنے والے دو مسلح گروپوں کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے،  مسلح گروپوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔