راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول(ایل او سی) پر سیزفائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس سے ایک 45 سالہ شخص زخمی ہوا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز نے ایل اوسی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی، بھارتی فوج نے ستوال سیکٹر پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 45سال کا شہری زخمی ہوگیا، زخمی کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ جنگی جنون میں مبتلا بھارت مسلسل ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کررہا ہے۔
ایل او سی پر فائرنگ سے 2 جوان شہید، پاک فوج کا منہ توڑ جواب، 3 بھارتی فوجی ہلاک
یاد رہے کہ گزشتہ سال 26 دسمبر کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی کے سبب پاک فوج کے 2 جوان شہید جب کہ جوابی کارروائی میں پاک فوج نے 3 بھارتی فوجی مارے تھے۔
بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر اشتعال انگیزیاں بڑھتی جارہی ہیں۔
خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت سے توجہ ہٹھانے کے لیے بھی بھارتی فوج ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ کرتے ہیں۔ جبکہ عالمی دباؤ کے باوجود بھارت اپنے ناپاک عزائم سے باز نہ آیا۔