لاہور: صوبہ پنجاب میں سیاحت کے فروغ کے لیے 2ہزارہوٹل، 3ہزار ریسٹورنٹ اور 14ہزار ٹریول ایجنسیوں کی رجسٹریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے، صوبائی حکومت نے سیاحت کو ریونیوجنریشن کا بڑا ذریعہ قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق مشیروزیراعلیٰ پنجاب برائے سیاحت آصف محمود کی زیرصدارت اجلاس ہوا، اس دوران محکمہ سیاحت اور آثار قدیمہ کے معاملات اور ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی، اجلاس کے دوران لاک ڈاؤن کے باعث شعبہ سیاحت کی صورت حال پر کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر مشیرسیاحت کا کہنا تھا کہ پنجاب بالخصوص لاہور میں عظیم الشان ثقافتی ورثہ موجود ہے، بعض تاریخی مقامات کی اہمیت سے مقامی افرادبھی آگاہ نہیں، مقبرہ جہانگیر اور نورجہاں سمیت دیگر آثار قدیمہ کو بحال کررہے ہیں۔
سیاحت کے شعبے کو کھولنے سے پہلے ایس او پیز پر آگاہی مہم چلائی جائے، محمود خان
آصف محمود نے مزید کہا کہ سیاحت کو ریونیوجنریشن کا بڑا ذریعہ بنایا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ کروناوائرس کی وجہ سے ملک بھر میں سیاحت کا شعبہ بھی شدید متاثر ہے، سیاحوں نے گھومنے پھرنے کے بجائے اپنی صحت کو اولین ترجیح قرار دیا ہے۔
دنیا بھر سے سیاح پاکستان میں تاریخی مقامات کا دورہ کرتے ہیں، جبکہ بعض غیر ملکی سرحدی علاقوں میں سیروتفریح کرکے قدرت کے شاہکاروں سے لطف اندوز ہوتے ہیں لیکن لاک ڈاؤن کے باعث سیاح بھی گھروں میں قید ہیں۔