پاکستانی شاہینز کی مسلسل تیسری کامیابی

دورہ آسٹریلیا میں پاکستانی شاہینز نے اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے تیسری کامیابی حاصل کر لی۔

شاویز عرفان کی جارحانہ نصف سنچری اور نپی تلی باؤلنگ کی بدولت پاکستان شاہینز نے بدھ کی شام ڈارون کے ٹی آئی او اسٹیڈیم میں میلبورن اسٹارز کو 43 رنز سے شکست دے دی۔

ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز میں شاہینز کی یہ مسلسل تیسری جیت تھی۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔ شاویز اور کپتان روحیل نذیر نے دوسری وکٹ کے لیے 50 رنز جوڑے۔ شاویز نے آؤٹ ہونے سے پہلے 37 گیندوں پر پانچ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 65 رنز بنائے۔

اسٹارز کی جانب سے ارجن نائر اور ریلی مارک نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

Image

جواب میں، میلبورن اسٹارز کے بلے بازوں کو پاکستانی بولرز نے ابتدا سے ہی دباؤ میں رکھا اور حریف ٹیم کو 17.1 اوورز میں 8 وکٹوں پر 126 رنز تک ہی محدود رکھا۔ اسٹارز کے کیم میک کلور اور کیمبل کیلا وے انجری کی وجہ سے بیٹنگ نہیں کر سکے۔

شاہینز کی جانب سے بائیں ہاتھ کے اسپنر فیصل اکرم نے 24 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔عالیان محمود، عرفات منہاس اور سجاد علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔