ورلڈ کپ سے ایک روز قبل ویرات کوہلی کی دلچسپ درخواست سامنے آ گئی

بھارت کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بیٹر اور سابق کپتان نے ورلڈ کپ کا میگا ایونٹ شروع ہونے سے قبل اپنے تمام دوستوں سے اہم اور دلچسپ درخواست کر دی ہے۔

کرکٹ کے سب سے بڑے میلے آئی سی سی ورلڈ کپ کا آغاز جمعرات 5 اکتوبر سے ہو رہا ہے۔ میزبان بھارت اپنی مہم کا آغاز اتوار 8 اکتوبر کو پانچ بار کی عالمی چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف میچ سے کرے گا۔

بھارت اور پاکستان کرکٹ لونگ ممالک ہیں جہاں کے لوگوں بالخصوص نوجوان طبقے کے خون میں کرکٹ رچی بسی ہے اور جب بھی پاک بھارت ٹاکرا یا کوئی بھی بڑا کرکٹنگ ایونٹ ہوتا ہے تو ایسے لوگوں کی بڑی تعداد ہوتی ہے جو میچوں کے ٹکٹس کے حصول کے لیے سفارشیں تلاش کرتی ہے۔

کرکٹ بورڈز سے وابستہ افراد اور ٹیم کے کھلاڑیوں کو اس مشکل صورتحال سے ہر ایونٹ کے موقع پر گزرنا پڑتا ہے اسی لیے بھارتی کپتان نے شاید سابقہ تجربات کے پیش نظر میگا ایونٹ سے قبل ہی اپنے دوستوں کے نام ایک اہم پیغام جاری کرتے ہوئے ان سے بڑی دلچسپ درخواست کر دی ہے۔

مختصر ویڈیو اور فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام کی جانب سے ’’کریئٹ موڈ‘‘ کے نام سے متعارف کرائے جانے والے نئے فیچر میں ویرات کوہلی نے اپنے دوستوں کے نام پیغام دیا ہے۔

ممتاز بھارتی بیٹر لکھتے ہیں کہ جیسا کہ آپ سب کو معلوم ہے کہ ورلڈ کپ قریب آ چکا ہے اس لیے میں انتہائی عاجزی کے ساتھ اپنے تمام دوستوں سے کہنا چاہوں گا کہ وہ ٹورنامنٹ کے دوران مجھ سے ٹکٹوں کی درخواست نہ کریں۔

کوہلی آگے لکھتے ہیں کہ ٹکٹوں کا کہنے سے بہتر ہے کہ وہ براہ کرم اپنے گھروں پر ٹی وی اسکرینز کے ذریعے ورلڈ کپ کے میچز سے لطف اندوز ہوں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے پیغام کا اختتام مزاحیہ اموجی سے کیا ہے۔