امارات میں آج سے بڑی پابندی عائد

یو اے ای قونصل جنرل

متحدہ عرب امارات میں آج سے دوپیر کے اوقات میں کارکنان کے کھلے مقامات پر کام کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے یہ پابندی 15 ستمبر تک جاری رہے گی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق وزارت افرادی قوت و اماراتائیزیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعرات 15 جون سے دوپہر ساڑھے 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک کھلے مقامات پر کارکنان سے کام لینے پر پابندی ہو گی اور یہ پابندی 15 ستمبر تک جاری رہے گی۔

وزارت نے پابندی عائد کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ پرائیویٹ ادارے پابندی نافذ کرنے اور اپنے ملازمین کی صحت وسلامتی کا خیال رکھیں گے کیونکہ دوپہر کے وقت کھلے مقامات پر گرمی میں کارکنان سے کام لینے پر پابندی انسانی بنیاندوں پر لگائی گئی ہے اور امارات میں پیشہ ورانہ سلامتی اور صحت کے اعلیٰ بین الاقوامی معیار پر عمل کیا جا رہا ہے۔

وزارت افرادی قوت نے آجروں کو اس بات کا بھی پابند کیا ہے کہ ملازمین سے یومیہ 8 گھنٹے سے زیادہ ڈیوٹی نہیں لی جاسکتی۔ اگر اضافی ڈیوٹی کرائی تو ملازم کو اوور ٹائم کی ادائیگی کرنا ہوگی۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دوپہر کے وقت ڈیوٹی پر پابندی سے ایسے کام مستثنٰی ہوں گے جنہیں معطل کرنا ناگزیر ہے تاہم ایسے ملازمین کے لیے بروقت فرسٹ ایڈ کا بندوبست رکھا جائے اور صحت وسلامتی کے دیگر امور کے ساتھ ٹھنڈے پانی کی فراہمی کا خاص خیال رکھا جائے۔