افطار پارٹی میں لوگوں کی جیبیں صاف کرنیوالا جیب کترا پکڑا گیا، پھر کیا ہوا؟

رمضان المبارک کے آخری عشرے میں جیب کترے نے افطار پارٹی میں شریک روزہ داروں کو بھی نہ بخشا لیکن جب رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تو پھر لینے کے دینے پڑ گئے۔

یہ واقعہ بھارتی شہر حیدرآباد دکن میں پیش آیا جہاں کل ٹمریز ایجوکیشنل سوسائٹی کے صدر فہیم قریشی کی جانب سے افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں بیرسٹر اسد الدین اویسی صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اظہر الدین سابق رکن پارلیمنٹ کے علاوہ رنجیت ریڈی، انیل یادو، دانم ناگیندر اور دیگر کانگریس کے کارکنوں اور قائدین نے شرکت کی تھی۔

اس افطار پارٹی میں ایک جیب کترا بھی بن بلائے مہمان کی طرح آ گیا اور پھر کیا تھا اس نے وی آئی پی کی جیبوں کو صاف کرنا شروع کر دیا اور کئی لوگوں کی جیبوں سے سیل فونز اور نقد رقم ہاتھ  کی صفائی سے نکال لی۔

تاہم ایک وی آئی پی کی جیب کاٹتے ہوئے یہ نظروں میں آگیا اور وہاں موجود لوگوں نے اسے رنگے ہاتھوں پکڑ کر پہلے تو اس کی خوب پٹائی کی اور پھر پولیس کے حوالے کر دیا۔