’نواز کو کمرے سے نکالنے کیلیے دروازہ توڑنا پڑتا ہے‘

پی ایس ایل 8 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کا بتانا ہے کہ محمد نواز کو کمرے سے نکالنے کے لیے دروازہ توڑنا پڑتا ہے۔

اے اسپورٹس کے پروگرام میں کرکٹ کہانی میں محمد نواز اور نسیم شاہ نے شرکت کی اور میزبان شعیب ملک کو مختلف قصے سنائے۔

نسیم شاہ نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ نواز چوبیس گھنٹوں میں تقریباً سولہ گھنٹے سوتا ہے اور 8 گھنٹے جاگتا ہے۔

شعیب ملک کا کہنا تھا کہ محمد نواز کو کمرے سے باہر نکلنا پسند نہیں ہے یہ مجھے بنگلہ دیش میں حارث رؤف نے بتایا تھا پھر نسیم شاہ کہنے لگے کہ میں اسے زبردستی نکالتا ہوں پھر دروازہ توڑنا ہی پڑتا ہے۔

محمد نواز نے کہا کہ ’ناشتے کے لیے کہتا ہوں اٹھا دیا کرو، جب شعیب ملک نے پوچھا کہ ناشتہ کتنے بجے ہوتا ہے؟ نواز کہنے لگے کہ ساڑھے گیارہ بجے ہوتا ہے۔

نسیم شاہ نے دنیا کی دیگر لیگز کے مقابلے میں پی ایس ایل میں بولنگ کے معیار کو بہترین قرار دیا۔

فاسٹ بولر نے کہا کہ ہمارے لوکل بولرز اچھی بولنگ کرتے ہیں، جس لیگ میں لوکل پلیئر اچھے ہوتے ہیں اسے بہترین لیگ کہا جاتا ہے۔‘

فلم سے متعلق سوال پر نواز نے کہا کہ ’کافی دنوں سے کوشش کررہا ہوں کہ ’پٹھان‘ دیکھنی ہے لیکن وقت نہیں مل رہا، نسیم شاہ نے کہا کہ تامل فلمیں اور عرفان خان کی فلمیں دیکھتا تھا۔