اے اسپورٹس کے پروگرام ’’دی پویلین‘‘ کے دنیا بھر میں چرچے

پاکستان کے پہلے ایچ ڈی اسپورٹس چینل کے تجزیوں اور تبصروں پر مشتمل پروگرام ’’دی پویلین‘‘ کے دنیا بھر میں چرچے ہیں۔

اے اسپورٹس پاکستان کا پہلا ایچ ڈی اسپورٹس چینل ہے جو ملک سمیت بیرون ملک ہونے والے کھیلوں کے تمام ایونٹس نہ صرف شائقین کھیل کو براہ راست دکھاتا ہے بلکہ اس پر متعلقہ ماہرین کے تجزیے اور تبصرے بھی نشر کیے جاتے ہیں۔

ایسا ہی ایک منفرد پروگرام ’’دی پویلین‘‘ بھی ہے جس پر سابقہ کھلاڑی اور تجزیہ کار بے لاگ تبصرے اور تجزیے پیش کرتے ہیں جس کی وجہ سے یہ پروگرام صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں مقبول ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق سال 2023 میں اے اسپورٹس کے پروگرام دی پویلین کو بھارت میں خوب پذیرائی ملی اور کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران سوشل میڈیا پر بھی اس پروگرام کو بھرپور سراہا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال 2023 میں اکتوبر اور نومبر میں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ بھارت میں کھیلا گیا تھا۔ میگا ایونٹ کے دوران دی پویلین پروگرام میں پاکستان کے سابق کپتانوں وسیم اکرم، معین خان، شعیب ملک اور مصباح الحق کے میچز اور کھلاڑیوں کی کارکردگی پر جان دار تجزیوں اور تبصروں نے پروگرام کو چار چاند لگا دیے تھے۔