کراچی کے کلفٹن تھانے کے مال خانے میں ایک اور مضحکہ خیز واردات ہوئی ہے اور ملزم سے برآمد کی گئی ایک کلو سے زائد چرس کھجور میں بدل گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ دنوں کلفٹن پولیس کے ہاتھوں پکڑے گئے ملزم سے ایک کلو سے زائد چرس برآمد ہوئی تھی اور برآمد چرس سیل کر کے کیس پراپرٹی کے طور پر مال خانے میں رکھی گئی تھی۔
تاہم عدالتی حکم پر جب آج کیمیمل ایگزامینیشن کے لیے کیس پراپرٹی کھولی تو اندر سے چرس کے بجائے کھجوریں برآمد ہوئیں، بعد ازاں اعلی ٰحکام کےنوٹس لینے پر تھانے کے عملے نے کھجور کو واپس چرس میں بدل دیا اور اسے عدالت میں پیش کردیا۔
مذکورہ واقعے پر ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل نے ایس ایس پی آپریشن اور انویسٹی گیشن کی سرزنش کی ہے اور اسد رضا اور زاہدہ پروین کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔
ڈی آئی جی جے ملوث اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کے ضلع جنوبی کے تھانوں کے مال خانوں میں خرد بُرد کی یہ دوسری واردات ہے، گزشتہ دنوں آرٹلری میدان تھانے کے مال خانے سے 2 کروڑ روپے سے زائد رقم چوری ہوگئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: گرفتار پولیس اہلکار کی خالہ کے گھر سے 25 لاکھ روپے برآمد
اعلیٰ حکام نے ایک ہی ضلع میں مسلسل ایک ہی نوعیت کی وارداتوں پر سینئر پولیس افسران کی ملی بھگت کی تحقیقات بھی شروع کردی ہیں۔