دبئی(23 اگست 2025): مہینوں کی تاخیر کے بعد اداکار فواد خان اور وانی کپور کی رومانوی فلم عبیر گلال کی بالآخر دنیا بھر میں ریلیز کی نئی تاریخ سامنے آگئی ہے۔
بھارت میں فواد خان کے مداح یہ جان کر کافی پُرجوش تھے کہ وانی کپور کے ساتھ ان کی فلم عبیر گلال 9 مئی 2025 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی مگر 22 اپریل 2025 کو پہلگام واقعے کے بعد اس کی ریلیز کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مودی سرکار نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن میں پاکستان کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا جس کے بعد بھارت میں پاکستانی فنکاروں کے خلاف نفرت بڑھنے لگی، بہت سے لوگوں کو خدشہ تھا کہ وہ اب اس فلم کو کبھی نہیں دیکھ سکیں گے تاہم حالیہ پیشرفت نے مداحوں میں نئی امید جگا دی۔
آرتی ایس باگدی کی ہدایت کاری اور وویک بی اگروال کی پروڈیوس کردہ فلم بتدائی طور پر بھارت کے علاوہ دنیا بھر میں 12 ستمبر 2025 کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق فلم پروڈیوسرز کا ماننا ہے کہ عبیر گلال بھارت میں ریلیز کے بغیر بھی دنیا بھر سے اچھا منافع کما کر دے گی۔ فلم کا مداحوں کو بےصبری سے انتظار ہے، واضح رہے کہ فلم کا میوزک امیت ترویدی نے کمپوز کیا ہے اور اس فلم کے گانے بھی مقبول ہورہے ہیں جو فلم کی ریلیز سے قبل جاری کیے جاچکے ہیں۔