امریکا میں قید عافیہ صدیقی سے بہن ڈاکٹر فوزیہ کی جیل میں ملاقات نہ ہو سکی

امریکا میں قید عافیہ صدیقی سے ان کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی جیل میں ملاقات نہ ہو سکی جیل حکام نے ملاقاتی کمرے کی چابی کھونے کا بہانہ کر دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق امریکا میں سالوں سے قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کے لیے ان کی چھوٹی بہن فوزیہ صدیقی امریکا گئی ہیں تاہم جیل حکام نے ان کی اپنی بہن سے ملاقات نہیں ہونے دی ہے۔

اس حوالے سے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ویڈیو بیان جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ وہ ریاست ٹیکساس کی جیل کے باہر 4 گھنٹے اپنی بہن عافیہ صدیقی سے ملاقات کے لیے بیٹھی رہیں لیکن جیل حکام ملاقات کرانے کے بجائے ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں۔

ان کا کہنہا تھا کہ عدالتی حکم اور امریکی حکام کی منظوری کے بعد بہن سے ملنےامریکا آئی ہوں لیکن جیل حکام کہتے ہیں کہ ملاقات کے کمرے کی چابی کہیں کھو گئی ہے۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق کیس کی سماعت ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی ڈاکٹر عافیہ صدیقی سےامریکی جیل میں ملاقات طے پائی ہے جس کے مطابق 2 اور 3 دسمبر کو دونوں بہنوں کی امریکا میں ملاقات ہونی تھی۔

ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی اس سے قبل رواں سال مئی میں بھی اپنی بڑی بہن عافیہ صدیقی سے امریکی جیل میں ملاقات ہوئی تھی جو 20 سال بعد پہلی ملاقات تھی۔