عالیہ حمزہ کا پی ٹی آئی قیادت کے خلاف طنز بھرا ٹویٹ

لاہور (13 جولائی 2025): پی ٹی آئی صوبہ پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ نے دلبرداشتہ ہوکر پارٹی قیادت کے لیے طنز بھرا ٹویٹ کر دیا۔

عالیہ حمزہ کا شمار پاکستان تحریک انصاف کی سرگرم رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ وہ ہمیشہ پارٹی کی احتجاجی تحریکوں میں بڑھ چڑھ کر شامل ہوتی رہی ہیں۔ تاہم آج پی ٹی آئی قیادت کے دورہ لاہور کے دوران پارٹی اجلاس میں صوبے کی چیف آرگنائزر ہونے کے باوجود انہیں مدعو نہیں کیا گیا۔

یوں نظر انداز کیے جانے پر عالیہ حمزہ نے پی ٹی آئی قیادت پر تنقید کے نشتر چلا دیے اور ان کے خلاف ظنز بھرا ٹویٹ کر دیا۔ جس میں کئی سوالات بھی اٹھا دیے۔

پنجاب کی چیف آرگنائزر نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ پارٹی قیادت کی اطلاعات کے مطابق میں گزشتہ دو دن سے بہت مصروف تھی۔ ایسی مصروفیات جن کا شاید مجھے بھی علم نہیں تھا۔ کیا کوئی اس پر روشنی ڈالے گا۔

عالیہ نے اس کے ساتھ ہی سوال بھی اٹھا دیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے کس لائحہ عمل کا کل یا آج اعلان ہوا ہے۔ تحریک کہاں سے اور کیسے چلے گی۔ 5 اگست کے بجائے 90 دن کا منصوبہ کہاں سے آیا ہے۔ اگر آپ میں سے کسی کی نظر سے یہ منصوبہ گزرا ہو تو میری بھی رہنمائی کر دیں۔

عالیہ حمزہ نے کہا کہ ہمارا پورا فوکس اور نشانہ عمران خان کی رہائی اور نعرہ صرف ایک ہی کہ ڈٹ جاؤ یا ہٹ جاؤ۔

 

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پنجاب کے دارالخلافہ لاہور پہنچے اور پارٹی کا اجلاس بھی منعقد ہوا۔ تاہم حیرت انگیز طور پر اس اجلاس میں پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو مدعو نہیں کیا گیا۔

 

پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجا نے لاہور میں پارٹی کے ہونے والے اجلاس میں صوبے کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو مدعو نہ کیے جانے پر موقف اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مصروف ہیں۔

عالیہ حمزہ نے سلمان اکرم راجا کے اس موقف کے جواب میں پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر، جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجا، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے پلان سے بھی لاعلمی کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ عالیہ حمزہ کا شمار پی ٹی آئی کے نظریاتی رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ 9 مئی 2023 کے واقعات میں ملوث ہونے پر وہ ایک سال سے زیادہ عرصہ تک جیل میں قید رہی ہیں۔

رواں برس جنوری میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے ان کی بحیثیت چیف آرگنائزر پنجاب کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔