ممبئی: بالی ووڈ اداکار عامر خان نے اعلان کیا ہے کہ میری زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں بیٹا جنید ہی مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے بہترین انتخاب رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق مسٹر پرفیکشنسٹ کے مداحوں کو کافی عرصے سے انتظار تھا کہ اُن کی زندگی کے حالات پر فلم بنائی جانے تاہم اس حوالے سے عامر خان نے کبھی دلچسپی ظاہر نہیں کی تھی۔
بالی ووڈ اداکار سے متعدد بار مداحوں اور صحافیوں نے اس ضمن میں سوالات بھی کیے تھے مگر ہر بار انہوں نے ایک ہی جواب دیا کہ ابھی اس کا وقت نہیں ہے جب آئے گا تو سب کو آگاہ کردیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: کیا ہم واقعی آزاد ہیں؟ عامر خان کا بھارتیوں سے سوال
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مسٹرپرفیکشنسٹ نے اتوار کے روز صحافیوں کے وفد سے گفتگو کے دوران بتایا کہ اُن کی زندگی سے متعلق بنائی جانے والی فلم میں بیٹا جنید اگر چاہے گا تو مرکزی کردار ادا کرے گا۔
عامر خان نے بتایا کہ سواتی اُن کے سب سے قریبی دوست ہیں، ہماری دوستی اسکول دور سے شروع ہوئی جس کے بعد اُس نے ستایا نامی خاتون سے شادی کرلی۔
اداکار کا کہنا تھا کہ ’ابھی تک سواتی ہی وہ واحد شخص ہے جس نے میری زندگی کے ہر پہلو کو بہت قریب سے دیکھا، میں نے دو شادیاں کیوں کیں، زندگی کیسے گزاری یہ سب کچھ وہ جانتا ہے حتی کہ اُسے بچپن کے اُن حالات کا معلوم ہے جب مجھے دس روپے ماہانہ گھر سے خرچہ ملتا تھا‘۔
یہ بھی پڑھیں: سپراسٹار عامر خان نے مداحوں سے معافی مانگ لی
اسے بھی پڑھیں: عامر خان نے دوسری محبت اور شادی سے متعلق خاموشی توڑ دی
عامر خان کا کہنا تھا کہ ’فلم بنانے کا فیصلہ کیوں کیا اس کےپیچھے لمبی کہانی ہے، فلم بننے کے بعد سب کو اس حوالے سے سمجھ آجائے گا، میرے نزدیک جنید (بیٹا) ہی وہ واحد شخصیت ہے جو میرا کردار بہت اچھے سے نبھا سکتا ہے۔
مسٹر پرفیکشنسٹ نے اعلان کیا کہ جنید خان میری فلم سے ہی اپنے بالی ووڈ سفر کا آغاز کرے گا، ابھی وہ اداکاری اور تھریٹر سے متعلق تعلیم حاصل کررہا ہے، میرے خیال سے وہ سب کی امیدوں سے بڑھ کر کام کرے گا‘۔
عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ ایک باپ کی حیثیت سے مجھے اس بات کا بخوبی اندازہ ہے کہ جنید ہی ایک اچھا انتخاب ہوگا کیونکہ اُس نے مجھے ہنستے، روتے ہوئے دیکھا، میرا بیٹا ہی ہر موقع پر میرے ساتھ رہا‘۔