بالی ووڈ کے سپر اسٹار عامر خان نے اپنی فلم ’ستارے زمین پر‘ کا پریمیئر او ٹی ٹی کے بجائے یوٹیوب پر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اداکار عامر خان کی فلم 2007 کی ’تارے زمین پر‘ کا سیکوئل ہے اور فلم 20 جون کو سنیما گھروں کی زینت بنی تاہم اب اداکار نے فلم کی او ٹی ٹی ریلیز کے لیے یوٹیوب کا انتخاب کرنے کی تصدیق کی ہے۔
عامر خان کا کہنا ہے کہ ’ستارے زمین پر‘ یکم اگست سے خصوصی طور پر یوٹیوب موویز آن ڈیمانڈ پر نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
یہ فلم امریکا، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا، جرمنی اور سنگاپور سمیت 38 ممالک میں بھی دستیاب ہوگی۔
عامر خان نے فلم کی او ٹی ٹی ریلیز کے لیے یوٹیوب کا انتخاب کرنے کے اپنے فیصلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’تقریباً 15 سال پہلے میں نے محسوس کیا تھا کہ ہماری سب سے کامیاب فلمیں جیسے ’3 ایڈیٹس‘ یا ’دنگل، تھیٹروں میں دیکھنے والے لوگوں کے اعداد و شمار تقریباً 2-3 فیصد ہے۔
بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ تو اگلا خیال جو میرے پاس آیا وہ یہ ہے کہ ہم باقی 97-98 فیصد تک کیسے پہنچیں گے؟ میں اس سہولت کو ہر بھارتی شہری کے لیے قابل رسائی بنانا چاہتا ہوں۔
واضح رہے کہ شائقین یہ الزام لگاتے رہے ہیں کہ ’ستارے زمین پر‘ ’چیمپیئنز‘ کا ریمیک ہے۔
2023 کی ہالی ووڈ فلم، جس میں ووڈی ہیرلسن نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، کا پلاٹ لائن ایک ہی تھا، اور دونوں فلموں میں بھی کئی ایک جیسے مناظر ہیں۔