نسیم شاہ کی بیٹنگ سے متعلق بیان پر عامر سہیل تنقید کی زد میں آگئے

نسیم شاہ

گال کے تیسرے روز نسیم شاہ نے وکٹ بچائی اور سعود شکیل کو ڈبل سنچری کرنے میں مدد کی، نسیم شاہ نے 78 گیندوں پر 6 رنز اسکور کیے تو عامر سہیل نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔

فاسٹ بولر نسیم شاہ کی سست بیٹنگ کو لے کر کمنٹیٹر عامر سہیل نے سخت الفاظ ادا کیے جس کے بعد انہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

کمنٹری کے دوران رمیز راجا نے نسیم شاہ کی تعریف کی اور کہا کہ نسیم کو بیٹنگ میں اعصاب مضبوط کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

جواب میں عامر سہیل نے فوراً کہا کہ نسیم کو دماغ کے مسلز مضبوط کرنے کی ضرورت ہے اگر وہ ایسا کرلیں تو بہتر کرکٹر اور بولر بن سکتے ہیں۔

عامر سہیل کی جانب سے نسیم شاہ پر تنقید کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے فاسٹ بولر کی خوب پذیرائی کی اور کہا کہ وکٹ پر موجود رہتے ہوئے نسیم شاہ نے وکٹ بچائی اور سعود شکیل کو موقع دیا۔

سوشل میڈیا صارفین عامر سہیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ’دماغ کے مسلز نہیں ہوتے۔‘

واضح رہے کہ سعود شکیل نے گزشتہ روز سری لنکا میں ڈبل سنچری اسکور کی اس سے قبل کوئی بھی پاکستانی بیٹر سری لنکا میں ڈبل سنچری اسکور نہیں کرسکا۔

گال ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 48 رنز بنائے ہیں اور قومی ٹیم کو جیت کے لیے مزید 83 رنز درکار ہیں، امام الحق 25 اور بابر اعظم 6 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

سری لنکا کی ٹیم دوسری اننگز میں 279 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 131 رنز کا ہدف دیا ہے۔