بابر اعظم کو کپتانی چھوڑنی چاہئے یا نہیں؟ عبد الرزاق نے بتادیا

بھارت میں ہونے والی آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی پر سابق کرکٹر ز کی جانب شدید تنقید کی گئی ، ایسے میں اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ بابر اعظم نے بھی کپتانی سے متعلق صلاح مشورے شروع کردیئے ہیں۔

نجی چینل کے ایک شو میں قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبد الرزاق نے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی کپتانی سے متعلق اپنی رائے دی اور انہیں مفید مشورہ بھی دیا۔

سابق آل راؤنڈر عبد الرزاق نے بابر اعظم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں کپتانی چھوڑ دینی چاہئے، انہوں نے کہا کہ بابر کو چاہئے کہ کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں کھیلیں۔

عبد الرزاق نے سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اسے دیکھیں وہ بھی کپتانی سے علیحدہ ہوکر کتنا اچھا پر فارم کررہا ہے۔ دھونی نے بھی کپتانی چھوڑ کر بہت اچھا پر فارم کیا۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے حوالے سے یہ اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ انہوں نے آئی سی سی ورلڈ کپ کے دوران ہونے والی شدید تنقید کے بعد کپتانی چھوڑنے کے حوالے سے مشاورت شروع کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے بابر اعظم کپتانی سے علیحدگی کے لئے سوچ بچار کررہے ہیں، جبکہ اطلاعات ہیں کہ وطن واپسی پر وہ اس حوالے سے فیصلہ کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایڈن گارڈنز کولکتا میں سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا سے بھی اس حوالے سے مشاورت کی ہے۔