’اگر فخر زمان چل گئے تو پاکستان نیوزی لینڈ کیخلاف 350 رنز کرسکتا ہے‘

فخر زمان

قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ اگر فخر زمان چل گئے تو پاکستان نیوزی لینڈ کیخلاف 350 رنز کرسکتا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں سابق کرکٹر عبدالرزق، سابق فاسٹ بولر محمد عامر اور آل راؤنڈر عماد وسیم نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا۔

عماد وسیم نے کہا کہ ٹاس بہت اہم ہے پاکستان کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنی چاہیے، مجھے یقین ہے کہ پاکستان پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 320 رنز بنا سکتا ہے۔

عبدالرزاق نے کہا کہ جس طرح کی پچز ہیں 350 رنز بڑے آرام سے بن سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فخر زمان کے ٹیم میں آنے سے فرق پڑا ہے اگر وہ اسکور کرتے ہیں پاکستان 350 رنز کرسکتا ہے۔

محمد عامر نے کہا کہ بنگلورو میں مجھے لگتا ہے کہ نیوزی لینڈ چیز کرنے جائے گا، اگر آپ ہماری بیٹنگ دیکھیں تو 280 سے 290 رنز ہی بنا رہے ہیں، ایک اچھی چیز یہ ہے فخر آیا ہے اگر فخر چل گیا تو 300 سے زائد رنز آرام سے کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 4 نومبر بروز ہفتے کو بنگلورو میں مدمقابل آئیں گی۔

پاکستانی ٹیم نے ورلڈ کپ میں 7 میچز کھیلے ہیں جن میں تین میں کامیابی حاصل ہوئی اور چار میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

قومی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے، پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے دوسری ٹیموں کی شکست اور رن ریٹ کا انتظار کرنا پڑے گا۔