ابرار الحق اور خیبرپختونخواہ بار کونسل کی طرف سے ڈیم فنڈز کے لیے خطیر رقم کا چیک

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے تحریک انصاف کے رہنما ابرار الحق اور ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخواہ کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں شخصیات نے ڈیم فنڈ کے لیے عطیات کی رقم کا چیک پیش کیا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین سہارا ٹرسٹ اور تحریک انصاف کے رہنما کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی جس میں ڈیموں کی تعمیر کے حوالے سے گفتگو بھی کی گئی۔

نامور گلوکار اور پی ٹی آئی رہنما ابرار الحق نے اپنی ٹرسٹ کی جانب سے دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے لیے 10 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔

مزید پڑھیں: شیخ رشید کی چیف جسٹس سے ملاقات، ڈیم فنڈز کے لیے ریلوے کی طرف سے خطیر رقم کا چیک پیش

بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان سے   ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا کی ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے خیبرپختونخواہ بار کونسل کی جانب سے ڈیم فنڈ کے لیے 21 لاکھ 50 ہزار روپے کا چیک پیش کیا۔

دوسری جانب سپریم کورٹ آف پاکستان کی ویب سائٹ پر دیامیر اور بھاشا ڈیموں کی تعمیر کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کیے گئے جس کے مطابق اب تک پاکستانیوں نے فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 ارب چوالیس کروڑ بیس لاکھ چوبیس ہزار 879 روپے عطیہ کیے۔

یاد رہے کہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی ہدایت پر کھولے جانے والے سپریم کورٹ اور وزیراعظم ڈیم فنڈ میں پاکستانی ملی وحدت کے ساتھ بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور ہر کوئی اپنے طور پر ڈیموں کی تعمیر کےلیے عطیات جمع کروا رہا ہے۔

دیامربھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے قائم فنڈ میں اب تک اسٹیٹ بینک و دیگر و نجی بینکوں سمیت دیگر سرکاری و پرائیوٹ اداروں کے ملازمین اور عوام نے کروڑوں روپے عطیہ کیے جس کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: واشنگٹن : ڈیم فنڈ ریزنگ تقریب میں دس کروڑ سے زائد کے عطیات جمع

پاکستانیوں نے ڈیبٹ / کریڈٹ کارڈ اور موبائل میسج کے ذریعے بھی ڈیم فنڈ میں عطیات جمع کروائے جبکہ مختلف بینکوں میں کھولے جانے والے ڈیمز فنڈ میں رقم جمع ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

ڈیم فنڈز کھولنے کا حکم

یاد رہے کہ 6 جولائی کو کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق ہونے والی سماعت میں چیف جسٹس آف پاکستان نے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے فوری طور پر دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے احکامات اور فنڈز قائم کرنے کا حکم بھی جاری کیا تھا۔

چیف جسٹس آف پاکستان کی ہدایت پر کھولے جانے والے ڈیم فنڈ میں ہر پاکستانی اپنی استطاعت کے مطابق حصہ لے رہا ہے جبکہ بہت سے صارفین موبائل میسج کے ذریعے 10 روپے کی رقم بھی عطیہ کررہے ہیں۔