ابشر پلیٹ فارم سے متعلق اہم خبر

ریاض: ابشر پلیٹ فارم نے جہاں ویزے کے خواہش مندوں کے لیے بڑی آسانی فراہم کی، وہاں اس کے استعمال سے 23 ارب ریال سے زیادہ کی بچت بھی ہوئی ہے۔

ابشر پورٹل ایک ایسا پلیٹ فرام ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو وزارت داخلہ اور اس سے منسلک دیگر اداروں کے دفاتر جانے کی ضرورت نہیں رہی، اخبار 24 کے مطابق ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے نگران انجینئر احمد الصویان نے بتایا کہ ابشر پلیٹ فارم کے استعمال سے 23 ارب ریال سے زیادہ کی بچت ہوئی ہے۔

ڈیجیٹل گورنمنٹ کے حوالے سے ایک سیمینار میں گفتگو کرتے ہوئے انجینئر احمد الصویان نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی وجہ سے سرکاری اداروں سے رجوع کرنے والوں کی تعداد میں 95 فی صد کمی ہوئی ہے، ویزے کا اجرا 48 گھنٹوں کی بجائے محض 60 سیکنڈ میں ہو جاتا ہے، یہ کامیابی ڈیجیٹل گورنمنٹ پلیٹ فارم کی وجہ سے ممکن ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ مملکت میں ڈیجٹلائزیشن کے بعد معاملات کی انجام دہی میں تیزی اور بہتری آئی ہے، اور تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی کے استعمال سے میڈیکل کے شعبے میں بھی بہتری آئی۔