اے سی میں آگ لگنے کی وجوہات اور اس سے بچنے کے طریقے

اے سی میں آگ لگنے کی وجوہات اور اس سے بچنے کے طریقے

جیسے جیسے درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ رہا ہے ایئر کنڈیشنر (اے سی) میں اچانک آگ لگنے کے واقعات بھی بڑھ رہے ہیں جن میں انسانی جانوں کے ضیاع کا خطرہ رہتا ہے۔

مگر گرمیوں سے بہتر طریقے سے نمٹنے میں ہماری مدد کرنے والے اے سی میں آگ لگتی ہی کیوں ہے؟ اس مضمون میں ہم ان واقعات کی وجوہات جاننے کے ساتھ ساتھ اور بچنے کے طریقے کار پر بھی روشنی ڈالیں گے۔

آگ لگنے کی وجوہات:

چونکہ درجہ حرارت بڑھنے کے ساتھ ہم اے سی کا حد سے زیادہ استعمال کرنے لگے ہیں جو اس کی اپنی مقررہ حد سے بھی تجاوز کر جاتا ہے۔ اس سے اے سی کے کمپریسر پر دباؤ پڑتا ہے اور پھر یہ آگ پکڑ لیتا ہے۔

ایئر کنڈیشنر میں ریفریجرنٹ گیس ہوتی ہے جو ٹھنڈک فراہم کرتے کرتی ہے۔ بعض اوقات اس گیس کے لیک ہونے کے واقعات بھی رپورٹ ہوتے ہیں، اور اگر ایسے میں اے سی کو زیادہ دیر تک چلایا جائے تو آگ لگ جانے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

اے سی میں آگ لگنے کی ایک اور بڑی وجہ وولٹیج کا اتار چڑھاؤ ہے۔ اگر آپ کے علاقے میں بار بار وولٹیج کے اتار چڑھاؤ کا مسئلہ رہتا ہے تو یہ ایئر کنڈیشنر کے کمپریسر کو نقصان پہنچا سکتا ہے اور اس سے آگ بھی لگ سکتی ہے۔

اے سی کو آگ لگنے سے کیسے بچائیں؟

سب سے پہلا کام، اے سی کو ہر 2 سے 3 گھنٹے بعد بند کر دیں تاکہ اس کے کمپریسر پر دباؤ نہ پڑے اور یہ اچھی کولنگ فراہم کر سکے۔

دوسرا، باقاعدگی سے اے سی کی دیکھ بھال کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کہیں سے گیس تو لیک نہیں ہو رہی۔

اگر آپ کے علاقے میں وولٹیج کے اتار چڑھاؤ کا مسئلہ رہتا ہے تو اس کیلیے وولٹیج سٹیبلائزر استعمال کریں۔

اس بات کو یقینی بنائیں کہ اوور لوڈنگ سے بچنے کیلیے آپ کا اے سی یونٹ الیکٹرک سرکٹ سے ٹھیک طرح منسلک ہے۔

یہ کچھ طریقے ہیں جو آپ کو شدید گرمی میں اپنے اے سی کو محفوظ رکھنے کیلیے مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔