ایشیا کپ کے شیڈول سے متعلق بھارتی بورڈ سے بات چیت جاری ہے، محسن نقوی

ڈرا دھمکا کے کچھ نہیں ہوگا، پی ٹی آئی کو کوشش کرنی ہے تو کر لے، محسن نقوی

ڈھاکا (24 جولائی 2025): ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کے شیڈول کا معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔

ڈھاکا میں ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس کے بعد اے سی سی کے صدر اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ایشیا کپ سے متعلق جلد فیصلہ ہوگا۔ شیڈول کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ سے بات چیت جاری ہے اور امید ہے کہ شیڈول کا مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔

محسن نقوی کا کہنا تھاکہ اے سی سی اجلاس میں تمام 25 ممبران نے شرکت کی اور سیاست کو ایشین کرکٹ کونسل کے معاملات سے دور رکھنے پر سب نے اتفاق کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میٹنگ بڑے اچھے ماحول میں ہوئی۔ کھیل میں سیاست نہیں چاہتے۔ کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کے چیئرمین اور ایشیا کونسل کے صدر محسن نقوی کی زیر صدارت ایشین کرکٹ کونسل کا ڈھاکا میں اجلاس ہوا۔ جس میں بھارت نے آن لائن شرکت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اجلاس میں ایشیا کپ کے انعقاد کے حوالے سے فیصلہ ہونا تھا، تاہم اجلاس بغیر کسی حتمی نتیجے کے ختم ہو گیا۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ 2025 میں آٹھ ٹیموں کو شامل کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے، اراکین کی نئے شیڈول اور وینیوز پر بھی مشاورت ہوئی، میگا ایونٹ 8سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میچز دبئی اور ابوظبی میں کھیلے جائینگے، پاکستان، بھارت، سری لنکا، افغانستان بنگلادیش کے علاوہ یو اےای، عمان، اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں بھی شامل ہوں گی۔