صوبہ پنجاب کے شہر پاکپتن میں گھریلو ناچاقی پر شوہر نے بیوی اور اس کی کزن پر تیزاب سے حملہ کر دیا۔
پاکپتن کے محلے عزیز آباد میں ارشاد نامی شخص نے گھریلو ناچاقی پر بیوی شازہ پر تیزاب پھینک جس سے خاتون کا چہرہ اور جسم بُری طرح جھلس گئے۔
حملے میں متاثرہ خاتون کی کزن کے جسم کے مختلف حصے بھی جھلس گئے۔ دونوں خواتین کو ڈسٹرکٹ اسپتال پاکپتن منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت تشویش ناک بیان کی جا رہی ہے۔
ادھر، ملزم جائے واردات سے فرار ہوگیا جس کی تلاش کیلیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز مظفر گڑھ میں گھریلو جھگڑے پر ملزم نے 2 خواتین اور بچی پر تیزاب پھینک دیا تھا جس سے خواتین کا 40 فیصد جسم متاثرہ ہوا تھا۔
افسوسناک واقعہ تھانہ روہیلانولی کی حدود میں پیش آیا تھا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے رپورٹ طلب کی تھی۔ مریم نواز نے ہدایت کی تھی کہ خواتین اور بچوں پر تشدد کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔