اسلام آباد : مقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدام کے 6 سال مکمل ہو گئے، پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے، شہر شہر کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے مظاہرے ہوں گے۔
حریت کانفرنس کی کال پر مقبوضہ وادی میں آج یوم سیاہ منایا جا رہا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں پوسٹرز لگنے کے بعد انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی، اور قابض فورسز نے مزید نفری بڑھا دی، اور نام نہاد آپریشن شروع کر دیا۔
مقبوضہ کشمیر میں بےروزگاری خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، مودی نے 2019میں آرٹیکل 370منسوخ کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں عوام کی زندگی اجیرن کردی۔
بی جےپی کے اقتدار میں آنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں اضافہ ہوا، مقبوضہ وادی کے عوام غربت کے باعث خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔
بین الاقوامی سروے رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ہر آنے والے دن غربت میں اضافہ ہورہا ہے، اس وقت خط غربت 49فیصدکی خطرناک حدکوچھورہی ہے۔
سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت 23.09 فیصد بے روزگاری ہے جس میں مزید اضافہ جاری ہے، بڑھتی بے روزگاری کے باعث مودی سرکار کیخلاف ایک عرصے سے مقبوضہ کشمیر کے عوام سراپا احتجاج ہیں۔