نشتراسپتال ملتان کی چھت پرلاشیں رکھنے والے ملازمین کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

ملتان: نشتراسپتال ملتان کی چھت پر لاشیں رکھنے والے ملازمین کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملتان کے نشتراسپتال میں لاوارث لاشوں کی بے حرمتی کے واقعے پر لاشیں چھت پر رکھنے والے اسپتال ملازمین کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا۔

نشتراسپتال ملتان کی چھت پر لاشوں کو رکھنے کی انکوائری مکمل کرلی ہے اور کمیٹی نے انکوائری رپورٹ مکمل ایڈیشنل چیف سیکرٹری کوارسال کردی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس لاوارث لاش لائےگی تو 28 دن کے بعد لے جانے کی ذمہ دارہوگی، پولیس یونین کونسل کے سیکرٹری کیساتھ مل کر لاش کی تدفین کرے گی۔

رپورٹ میں کہنا تھا کہ اسپتال انتظامیہ اورپولیس لاشوں کی تدفین کیلئے رابطے میں رہیں گے۔

یاد رہے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہی نے نشتراسپتال ملتان میں چھت پر لاوارث لاشیں پھینکنے کے واقعے کی انکوائری کا حکم دیا تھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ لاشیں چھت پر پھینک کر غیر انسانی فعل کا ارتکاب کیا گیا ہے،لاشوں کی بے حرمتی کا واقعہ ناقابل برداشت ہے۔

انھوں نے کہا تھا کہ کسی بھی معاشرےمیں ایسے واقعہ کی کوئی گنجائش نہیں، چھت پر لاوارث لاشوں کو پھینکنے کا واقعہ انسانیت کی تضحیک ہے، انکوائری جلد مکمل کر کے ذمہ دارو ں کا تعین کیا جائے، کڑی سزا دی جائے۔