بھارت کی بھوجپوری اداکارہ امریتا پانڈے المعروف اناپورنا نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اداکارہ امریتا پانڈے ریاست بہار کے شہر بھگلپور میں 27 اپریل کو اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ پائی گئیں۔
اداکارہ کی لاش گھر میں چھت کے پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی انہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیدیا۔
پنک ولا کی رپورٹ کے مطابق امریتا پانڈے نے خودکشی سے قبل واٹس ایپ پر اسٹیٹس شیئر کیا تھا۔
اداکارہ نے لکھا تھا کہ ’دو کشتیوں میں سوار تھی اس کی زندگی، ہم نے اپنی کشتی ڈوبا کر اس کا سفر آسان کردیا۔‘
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریتا، چندرامنی جھنگڑ کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھی تھیں اور شوہر کے ساتھ ممبئی میں رہائش پذیر تھیں۔
اداکارہ بڑی بہن وینا پانڈے کی شادی میں شرکت کے لیے بھگلپور گئی تھیں، شادی کی تقریبات کے بعد شوہر واپس ممبئی آگئے جبکہ امریتا نے کچھ دن وہیں رہنے کا فیصلہ کیا تھا۔
امریتا کے اہلخانہ نے بتایا ہے کہ وہ چند ماہ سے ڈپریشن کا شکار تھیں جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔