پاکستان ٹیلی ویژن کی سینئر اداکارہ دردانہ بٹ کو اپنے مداحوں سے بچھڑے ہوئے پانچ سال ہوگئے ہیں۔ کینسر جیسے مہلک مرض کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہارنے والی اس اداکارہ نے سنجیدہ کردار بھی ادا کیے مگر وہ اپنے مداحوں میں ہلکی پھیلکی کامیڈی کے لیے پہچانی جاتی ہیں۔
اداکاری کے شعبہ میں اپنے کیریئر کے دوران دردانہ بٹ نے ٹیلی ویژن ہی نہیں اسٹیج اور فلم کے لیے بھی سنجیدہ اور مزاحیہ کردار نبھائے۔ 12 اگست 2021
ء کو وفات پانے والی دردانہ بٹ خوش مزاج اور زندہ دل خاتون کے طور پر فن کاروں اور اپنے احباب میں مشہور رہی ہیں۔دردانہ بٹ 9 مئی 1938ء کو پیدا ہوئیں۔ ان کی ابتدائی تعلیم برطانیہ میں ہوئی
جہاں ان کے والد پاکستان کے سفارت خانے میں تعلیمی اتاشی کے طور پر تعینات تھے۔ دردانہ بٹ گیارہ سال کی تھیں جب ان کے والد کا پاکستان تبادلہ ہوگیا اور یہاں انھوں نے لاہور میں سکونت اختیار کی۔ دردانہ بٹ کو مری کے مشنری اسکول میں داخل کروایا گیا۔ بعد میں لاہور کے کانووینٹ میں داخلہ ہوا۔ 1967ء میں دردانہ بٹ کی شادی سعید احمد خان سے ہوئی جو ان کے ننھیالی عزیز بھی تھے، لیکن شادی کے ڈیڑھ سال کے بعد شوہر کا انتقال ہوگیا۔ دردانہ بٹ نے خود کو مصروف رکھنے کے لیے مزید پڑھنے کا فیصلہ کیا اور گریجویشن میں داخلہ لے لیا۔ اس دوران وہاں اسٹیج ڈراموں میں حصہ لینے لگیں اور ان کی آرٹ اور اداکاری میں دل چسپی بڑھ گئی۔ دردانہ بٹ فرانس چلی گئیں جہاں فرینچ زبان کا ڈپلوما مکمل کر واپس آئی تو ایک نجی اسکول میں پی ٹی ٹیچر کے طور پر ملازمت اختیار کر لی۔ انھوں نے بطور کمرشل پائلٹ کچھ عرصہ ہوا بازی بھی کی، لیکن نظر کی کم زوری کی وجہ سے یہ سلسلہ جاری نہیں رکھ سکیں۔ دردانہ بٹ ایک زندہ دل خاتون تھیں جو خود کو مصروف رکھنا پسند کرتی تھیں۔ غالباً یہی تھی کہ انھوں نے جوڈو کراٹے سیکھے اور وہ آتشیں اسلحے کا استعمال بھی جانتی تھیں۔زمانۂ طالبِ علمی میں انھوں نے
تھیٹر اور اسٹیج کا جو تجربہ کیا تھا، وہ انھیں پی ٹی وی تک لے گیا۔ یہاں دردانہ بٹ کو منور ظریف اور معین اختر جیسے بڑے ناموں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ وہ مزاحیہ خاکوں پر مشتمل پروگرام ’ففٹی ففٹی‘ میں نظر آئیں اور ناظرین کو محظوظ کیا۔ پی ٹی وی پر انھوں نے اپنے وقت کے دوسرے بڑے اور باکمال اداکاروں کے ساتھ نوکر چاکر، تنہائیاں، آنگن ٹیڑھا جیسے ڈراموں میں کردار نبھائے اور ناظرین سے خوب داد پائی۔ بعد میں نجی ٹی وی چینلز پر بھی ڈراموں میں کردار نبھائے۔ اداکارہ نے 2019 میں آخری مرتبہ ڈرامہ رسوائی میں کام کیا تھا۔